رامیشورم، 27/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سری لنکائی بحریہ نے کتچاتیو کے نزدیک مچھلی کا شکار کر رہے تمل ناڈو کے تقریبا 3000ماہی گیروں پر مبینہ طور پر حملہ کردیا اور ان کا تعاقب کیا۔اس واقعہ کی وجہ سے ماہی گیروں کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔رامیشور ماہی گیری ایسوسی ایشن کے صدر ایس امیرات نے بتایا کہ سری لنکا ئی بحریہ کے جوانوں نے پائپوں کا استعمال کیا اور ان کے حملے میں کم از کم پانچ ماہی گیر زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایاکہ بحریہ کے جوانوں نے تقریبا 100سے زائد کشتیوں کا جال کاٹ دیا اور ماہی گیروں کو بھاگنے اور کل رات سمندر کے ساحل پر واپس آنے کے لیے مجبور کر دیا۔امیرات نے بتایاکہ ماہی گیر 600سے زائد کشتیوں کے ساتھ سمندر میں اترے تھے اور جس وقت کتچاتیو کے نزدیک وہ مچھلی کا شکار کر رہے تھے اسی وقت ان پر حملہ کردیا گیا۔اس سے قبل سری لنکائی بحریہ نے نیدن تیو کے نزدیک مچھلی کا شکار کرنے کے الزام میں تمل ناڈو کے سات ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا تھا۔پڈوکوٹئی ماہی گیری محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکر نے بتایا کہ پڈو کوٹئی ضلع میں جگدپٹنم کے ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا گیا اور انہیں ان کی دو کشتیوں کے ساتھ کانگے سنترئی بندرگاہ لے جایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سری لنکائی بحریہ نے ان کی مشینی کشتیوں میں سے ایک کو ٹکر بھی ماری اور یہ کشتی ڈوب گئی۔اس کشتی پر پانچ ماہی گیر سوار تھے، جنہیں ان کے ساتھی ماہی گیروں نے بچا لیا۔